پٹنہ، 6؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )غیر اعلانیہ جائیداد کے معاملے میں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور ان کے خاندان کے ارکان کی مشکلیں کم ہوتی دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔محکمہ انکم ٹیکس کے سامنے منگل کو لالو کی بڑی بیٹی اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ میسا بھارتی کو پیش ہونا تھا، لیکن ان کی طرف سے وکیل پیش ہوئے، پیش نہیں ہونے کی وجہ سے میسا بھارتی پر 10000روپے کا جرمانہ لگا ہے، اور 12؍جون کو پیش ہونے کے لیے میسا کو سمن بھیجا گیا ہے۔اس معاملہ میں میسا بھارتی کے شوہر شیلیش کمار کو بھی نوٹس بھیجا گیا ہے۔شیلیش سے 7؍جون کو پوچھ گچھ ہوگی۔غورطلب ہے کہ میسا بھارتی کے سی اے راجیش اگروال کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے ، لالو یادو کی بیٹی میسا یادو کو رقم مہیا کرانے کا بھی راجیش پر الزام ہے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے لالو یادو کے دہلی سمیت این سی آر میں تقریبا 22ٹھکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپہ مارا تھا۔اب محکمہ انکم ٹیکس میسا بھارتی اور ان کے شوہر شیلیش سے پوچھ گچھ کرنے والا ہے۔انکم ٹیکس نے 16؍مئی کی صبح لالو پرساد یادو کے 22ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی تھی، یہ چھاپے غیر اعلانیہ جائیداد کے معاملے میں مارے گئے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ انکم ٹیکس صبح 8.30بجے سے چھاپہ ماری کر رہی تھی۔انکم ٹیکس نے دہلی، گڑگاؤں کے علاقوں میں چھاپہ ماری کی ہے، اس دوران تقریبا 1000کروڑ کی جائیداد پر چھاپہ ماری کی گئی ہے۔اس چھاپے ماری میں کٹیار فیملی، کوچر فیملی اور ایم پی پریم چند گپتا کے بیٹوں کے یہاں انکم ٹیکس نے چھاپہ ماری کی ۔